منگل 17 نومبر 2026 - 08:21
حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی (رح) علم و فقاہت کی ایک تابندہ شخصیت

حوزہ/ حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت عالمِ تشیع کے لیے عظیم علمی و روحانی نقصان ہے۔ آپ عصرِ حاضر کے ممتاز مرجعِ تقلید، بلند پایہ فقیہ، اصولی اور حوزۂ علمیہ قم کی نامور علمی شخصیت تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی تدریس، تحقیق، اجتہاد اور معارفِ اہل بیتؑ کی ترویج میں صرف کی۔ آپ کی علمی، دینی اور تدریسی خدمات تاریخِ حوزۂ علمیہ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ترتیب و تحریر : آغا زمانی

حوزہ نیوز ایجنسی | حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ حسین وحید خراسانی رحمتہ اللہ علیہ عصرِ حاضر کے ممتاز شیعہ مراجعِ تقلید، بلند پایہ فقیہ، اصولی اور حوزۂ علمیہ قم کی عظیم علمی شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ آپ 1921ء میں ایران کے تاریخی شہر نیشاپور میں پیدا ہوئے۔ آپ نے ابتدائی دینی تعلیم اپنے آبائی علاقے میں حاصل کی، بعد ازاں مشہد مقدس اور نجف اشرف کے علمی مراکز سے استفادہ کرتے ہوئے فقہ و اصول کے اعلیٰ مدارج طے کیے۔

آپ نے اپنے علمی سفر میں آیت اللہ سید محمد حجت کوہ کمرہ ای، آیت اللہ سید عبد الہادی شیرازی، آیت اللہ سید محسن حکیم اور بالخصوص آیت اللہ العظمیٰ سید ابو القاسم خوئی جیسے جلیل القدر اساتذہ سے کسبِ فیض کیا۔ آیت اللہ سید محمد حجت کوہ کمرہ ای سے اجازۂ اجتہاد حاصل کرنا آپ کے علمی مقام کی ایک اہم سند تھی۔

نجف اشرف سے علمی استفادے کے بعد آپ نے حوزۂ علمیہ قم کو اپنی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کا مرکز بنایا۔ کئی دہائیوں سے آپ کا درسِ خارج فقہ و اصول علماء، فضلاء اور طلابِ علومِ دینیہ کے لیے ایک اہم علمی مرکز سمجھا جاتا تھا۔ آپ کے دروس میں دقیق فقہی استدلال، قرآن و سنت سے استناد، روایات کی سند و دلالت کی تحقیق اور اصولی مباحث کی گہرائی نمایاں خصوصیات تھیں۔

آپ کی علمی کاوشوں میں شرائع الاسلام کی شرح، کفایۃ الاصول پر حاشیہ اور مکاسبِ محرّمہ پر حاشیہ قابلِ ذکر ہیں۔ دینی تعلیم کے حوالے سے بھی آپ کا ایک مخصوص علمی منہج تھا۔ بالخصوص حوزوی نصاب میں فلسفے کی تعلیم کے بارے میں آپ تحفظات رکھتے تھے اور قرآن و احادیثِ اہل بیت علیہم السلام کو دینی معارف کی بنیادی سرچشمہ قرار دیتے تھے۔

حضرت آیت اللہ وحید خراسانی کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو اہل بیت علیہم السلام سے گہری عقیدت اور ان کے فضائل و مناقب کی ترویج تھا۔ بالخصوص حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت، مظلومیت اور دفاعِ امامت و ولایت کے حوالے سے آپ کی تقاریر اور بیانات شیعہ علمی و مذہبی حلقوں میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔

آپ کے دامادوں میں آیت اللہ صادق آملی لاریجانی بھی شامل ہیں، جو ایران کی معروف علمی و سیاسی شخصیات میں سے ہیں۔

مختصراً آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رحمتہ اللہ علیہ کی زندگی علم، تحقیق، اجتہاد، تدریس اور معارفِ اہل بیت علیہم السلام کی خدمت سے عبارت تھی۔ آپ کی علمی خدمات اور حوزۂ علمیہ قم میں طویل تدریسی کردار نے آپ کو معاصر شیعہ علمی دنیا کی ممتاز شخصیات میں نمایاں مقام عطا کیا ہے۔

آج اس عظیم بزرگ، علمی و روحانی شخصیت کے انتقال کی خبر عالمِ اسلام، بالخصوص عالمِ تشیع کے لیے انتہائی افسوس ناک اور ناقابلِ تلافی علمی نقصان ہے۔ حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رحمتہ اللہ علیہ کی رحلت سے حوزہ ہائے علمیہ ایک جلیل القدر فقیہ، محقق اور استاد سے محروم ہوگئے۔ ان کی علمی، تدریسی اور دینی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔ بارگاہِ خداوندی میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ اہل بیت علیہم السلام میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان، شاگردوں، مقلدین اور تمام اہلِ علم کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین

إنا لله وإنا إليه راجعون

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha